Muhabbat Ka Izhar Amal Se Hota Hai: Maqsood Ahamd Saeedi Azhari

جب خدا اور رسول کی محبت دل میں ہو تو اس کا ظہور عمل سے ہوتا ہے 
ضلع مہوبا کی مسجد غریب نواز میں مولانا مقصود احمد سعیدی ازہری (استاذ حدیث جامعہ عارفیہ ، الٰہ آباد ) کا بیان 

 آج بتاریخ 25 نومبر 2016 اترپریش کے ضلع مہوبا میں علامہ مقصود احمدسعیدی ازہری نے خطاب کیا ۔ آپ نے اپنے بیان میں فرمایا کہ اگر لوگوں کو یہ معلوم کرنا ہو کہ ہمارے دل میں محبت ہے کہ نہیں تو اس کا ایک طریقہ ہے کہ اپنا محاسبہ کریں کہ جب ہمیں دو لوگ دو الگ سمت میں بلا رہے ہوں تو ہم کس کی دعوت قبول کرتے ہیں اور کس کی جانب پہلے جاتے ہیں ،ہم نے جس کی دعوت قبول کی جس کی بات مان کر اس کی طرف قدم بڑھایا وہی ہماری محبت ہے اور یہی محبت ہمیں کسی کام کے کرنے اور نہ کرنے کی طرف مائل کرتی ہے ۔
آج ہم مارکیٹ اور دنیا کی دوسری چیزوں کی جانب تو جانا پسند کرتے ہیں لیکن اذان کے ذریعے جب ہمیں اپنے رب اور اپنے پروردگار کو یاد کرنے کی دعوت دی جاتی ہے تو ہم اپنے قدم کسی اور طرف بڑھا لیتے ہیں ۔اگرہمارے دلو ں میں اللہ اور اس کے رسول کی محبت ہوتی تو ہم ذکر کی طرف پہلے جاتے، لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آتا ۔
حدیث پاک میں ہے کہ سرکار نے تین چیزوں پہ عمل کرنےاور اس کو اپنی زندگی میںنافذ کرنے کی ترغیب دی ہے ، ایک تو نبی ﷺ نے اپنی محبت کو بتایا کہ میری امت اپنی جان و مال سے زیادہ مجھ سے محبت کرے ، دوسرا اہل بیت کی محبت و اطاعت اور تیسرا قرآن کی تلاوت اور اس کے حقوق کی ادائیگی کرنا۔ مولانا نے اہل بیت سے محبت کرنے کا ایک فائدہ یہ ذکر کیا کہ ہم اہل بیت اطہار کی سیرت اور ان کی دینی و سماجی زندگی کو جانیں اور ان کے قول و عمل کو اپنا آئیڈیل بناکر ان کے نقش قدم کی پیروی کریں ۔  
ماں اپنے بچوں کی تربیت کس طرح کرےیہ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی حیات مبارکہ سے سیکھیں ، باپ اپنے بچوں کی تربیت کس طرح کرےیہ مولیٰ علی رضی اللہ عنہ کی زندگی سے حاصل کریں اور بیٹا اپنے ماں اور باپ کی عزت اور ان کی قدر و منزلت کس طرح ملحوظ رکھے یہ سیدنا امام حسن و حسین رضی اللہ عنہھما کی حیات طیبہ سے معلوم کر کے اپنی دنیوی و اخروی زندگی کو کامیاب کرے ۔

0 تبصرے

اپنی رائے پیش کریں

google.com, pub-3332885674563366, DIRECT, f08c47fec0942fa0