جامعہ عارفیہ میں طلبہ کا گیارہواں سالانہ تعلیمی و ثقافتی مسابقہ اختتام پذیر

غزالی ڈے کے ایک خصوصی پروگرام ’’مباحثہ‘‘ کا ایک منظر 

جامعہ عارفیہ، سید سراواں میں۱۴ جنوری سے۱۸جنوری تک’’ جشن یوم غزالی ‘‘کے موقع پر طلبہ کے مختلف ثقافتی ، علمی پروگراموں کا انعقاد ہوا جس میں حفظ قرآن و حدیث ، مقابلۂ نحو و صرف اور معلومات عامہ ، عربی ، انگریزی اور اردو تحریری و تقریری مقابلوں میں تقریبا ۴۵۰طلبہ نے شرکت کی ،جامعہ عارفیہ ،سید سراواں الٰہ آباد میں پچھلے دس سالوں سے جشن یوم غزالی کاانعقاد ہورہاہے ۔یہ جشن جامعہ عارفیہ کے طلبہ کی مشترکہ تنظیم ’’جمعیۃ الطلبہ ‘‘ کے زیر اہتمام ہوتا ہے ۔اس موقع پر جامعہ عارفیہ کے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اجاگر کرنے کے لیے مختلف طرح کے ثقافتی اور علمی مقابلہ جات ہوتے ہیں۔ہر سال کی طرح اس سال بھی طلبہ کے درمیان یہ مقابلے ۱۴ جنوری سے۱۸جنوری تک نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئے ۔
۱۴ جنوری کی رات مغرب کے بعد حفظ قرآن مجید سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ دوسرے دن صبح تجوید و قرأت کا مقابلہ ہوا جب کہ ظہر بعد انگریزی زبان میں تقریر کا سیشن شروع ہوا ۔ بعد مغرب حفظ حدیث میں حصہ لینے والے طلبہ نے متن حدیث ، ترجمہ ، روایت کے ساتھ کتب حدیث اور ابواب حدیث کو یاد کر کے ممتحن اساتذہ کے سامنے شاندار مظاہرہ کیا ۔ تیسرے دن ۱۶ جنوری کو صبح ایک منفرد پروگرام مقابلۂ نحو و صرف میں شرکت کر کے طلبہ نے اپنی کتابی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کیا ۔ بعد ظہر مکمل حفظ قرآن میں طلبہ نے شرکت کی ۔ مسابقے کے چوتھے دن صبح معلومات عامہ کا پروگرام ہوا ، جب کہ ظہر اور مغرب کے درمیان عربی اور انگریزی زبانوں میں تقریر کا مقابلہ چلتا رہا ۔ساتھ ہی اردو تحریر کے ارتجالی پروگرام میں بھی طلبہ نے شریک ہو کر مقالہ نگاری کے جوہر دکھائے ۔ پانچویں روز ۱۸ جنوری کو اردو تقریر کا ارتجالی پروگرام منعقد ہوا جس میں طلبہ نے بر وقت دیے گئے موضوع پر تقریر کی۔ اسی روز مغرب بعد مباحثہ کی مجلس سجائی گئی جس میں طلبہ نے ’’اہل قبلہ کی تعریف اور اس کا حکم ‘‘ کے عنوان پر علمی و سنجیدہ گفتگو کی ۔ اس طرح جشن یوم غزالی کے نام سے منعقد ہونے والے طلبہ کی علمی ، ثقافتی اور مکالماتی پروگراموں کا اختتام ۱۸ ؍ جنوری کو ہو گیا ۔ مختلف مقابلہ جاتی پروگراموں میں تقریباً ۴۵۰ ؍طلبہ نے شرکت کی۔
۲۰ ؍ جنوری ۲۰۱۷ء مطابق ۲۱؍ ربیع الثانی کو حضرت محبوب سبحانی شیخ عبد القادر جیلانی و محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیا رحمہما اللہ تعالیٰ کا عرس منایا جائے گا ۔ اسی موقع پربعد نماز مغرب غزالی ڈے میں فرسٹ ، سیکینڈ اور تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو شیلڈ اور سرٹیفیکٹ سے بھی نوازا جائے گا ۔
Inquilab Report

0 تبصرے

اپنی رائے پیش کریں

google.com, pub-3332885674563366, DIRECT, f08c47fec0942fa0