خانقاہ عارفیہ میں مخدوم شاہ صفی قدس سرہٗ کی یاد میں ایک محفل


۳۰ ؍ستمبر ۲۰۱۸ ء بروز اتوار بعد نماز ظہر خانقاہ عارفیہ ، سید سراواں شریف کی جامع مسجد میں حضرت مخدوم شاہ صفی قدس سرہ کے۴۹۵  سالانہ عرس کے موقع پر محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں مولانا محمد ضیاءالرحمٰن علیمی نے حضرت مخدوم صاحب کی سیرت اور تعلیمات پر جامع خطاب فرمایا ۔ خطاب کے درمیان آپ نے فرمایا کہ ہندوستان میں عمومی طور پر جو صوفی سلسلےرائج ہیں ان میں اکثر سلسلوں کی کڑی صفی پور ،اناؤ میں آرام فرما بزرگ مخدوم شاہ صفی قدس سرہٗ تک پہنچتی ہے ؛گویا ہندوستان میں آپ منبع سلاسل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ علیمی صاحب نے آپ کی شخصیت کے مختلف پہلو ؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صوفی جاہل نہیں بلکہ عالم ہوتا ہے اور صوفی کا مشن خلق خدا کو علم و عمل کے ساتھ اخلاقی خوبیوں سے آراستہ و پیراستہ کرنااور قوم وملت کے لیے نفع بخش افراد تیار کرنا ہے جس کی جیتی جاگتی مثال حضرت مخدوم صاحب کی ذات تھی ۔ اخیر میں آپ نے سامعین کو نصیحتوں سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ صوفیا کے مشن پر چل کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب و کامران ہوں گے اور انہیں کا راستہ واحد راستہ ہے جس پر گامزن ہو کر بڑھتے پر تشدد ماحول اور دین بے زار افکار کو ہم امن و آشتی کا گہوارہ اور اخلاص و للہیت کا پیکر بنا سکتے ہیں ۔
 اس موقع پر جامعہ عارفیہ کے اساتذہ اور طلبہ کے علاوہ دیگر وافدین بھی موجود تھے ۔

0 Comments

اپنی رائے پیش کریں